نئی دہلی:24 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے اتوار کو کہا کہ دو سال پرانی مبینہ’یدی یورپا ڈائری‘ کو دوبارہ سامنے لانا مضحکہ خیز ہے۔مسٹر جیٹلی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر غیر مجاز دستاویزات کی بنیادپرالزام لگانا وقار کے منافی ہے۔ یہ دو سالہ دستاویز ہے جو منظر پر آ چکے ہیں اور ان کو دوبارہ پیش کرنا مضحکہ خیز ہے۔ مسٹر ارون جیٹلی نے کہا’’اس یدی یورپا ڈائری کو دیکھیے ،یہ ہندوستان کے وقارکے لیے موزوں نہیں ہے کہ کچھ میڈیا تنظیم اس مواد کو پھر استعمال کر رہے ہیں۔ میڈیا تنظیموں کو جھوٹ پھیلانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ مبینہ کاغذ یا دستاویزات مسٹر بی ایس یدی یورپا سے نہیں لیے گئے ہیں۔ یہ دستاویزات ٹیکس چوری کے ملزم کانگریس کے لیڈر ڈی کے کمار سے ایک چھاپے کے دوران برآمدکیے گئے تھے اور اس کی سچائی کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ان دو سالہ مضحکہ خیز دستاویزات کی دوبارہ شائع کرنا کسی بھی زاویہ سے درست نہیں ہے۔ان کی بنیاد پر بی جے پی لیڈروں پر ’رشوت‘ کے الزام لگائے جا رہے ہیں۔